انٹرنیٹ اور اس کے فائدے اور نقصان

انٹرنیٹ آج کی دنیا میں زندگی کا لازمی حصہ بن چکا ہے۔ یہ ایک عالمی نیٹ ورک ہے جو کمپیوٹرز، موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل ڈیوائسز کو آپس میں جوڑتا ہے اور معلومات کے تبادلے کی سہولت فراہم کرتا ہے. چند دہائیوں پہلے لوگ خبروں، تعلیم کاروبار اور رابطوں کے لیے روایتی ذرائع استعمال کرتے تھے، مگر اب یہ تمام کام چند سیکنڈ میں ممکن ہیں. انٹرنیٹ نے دنیا کو ایک گلوبل ولیج میں بدل دیا ہے جہاں فاصلے زبانیں اور وقت کی رکاوٹیں کم ہوتی جا رہی ہیں. انٹرنیٹ کے استعمال نے زندگی کے ہر شعبے میں انقلاب برپا کر دیا ہے اور یہ سہولتیں اور مسائل دونوں ساتھ لاتا ہے۔انٹرنیٹ کے استعمال کے سب سے بڑے فوائد میں آسان رابطے شامل ہیں۔ لوگ فیس بک، واٹس ایپ، ای میل اور ویڈیو کال کے ذریعے دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود دوست، رشتہ دار یا کاروباری شراکت دار سے لمحوں میں بات کر سکتے ہیں۔ اس سے دوری کے باوجود تعلقات قائم رہتے ہیں اور کاروبار بھی بغیر کسی رکاوٹ کے بڑھتا ہے. انٹرنیٹ نے معلومات تک رسائی کو بھی بے حد آسان کر دیا ہے۔ گوگل، یوٹیوب، آن لائن لائبریریز اور بلاگز کے ذریعے ہر موضوع پر معلومات چند لمحوں میں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ طالب علم، تحقیق کار، اور عام لوگ اپنے علم میں اضافہ کرنے کے لیے انٹرنیٹ پر انحصار کرتے ہیں۔ آن لائن تعلیم بھی انٹرنیٹ کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔ کورسیرا، یوڈیمی اور ای ڈی ایکس جیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے دنیا کی نامور یونیورسٹیوں کے کورسز گھر بیٹھے کیے جا سکتے ہیں، جس سے تعلیم کا دائرہ وسیع اور سستا ہو گیا ہے۔کاروباری دنیا میں بھی انٹرنیٹ نے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ آن لائن شاپنگ، فری لانسنگ ای کامرس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے چھوٹے اور بڑے کاروبار دنیا کے ہر کونے تک پہنچ سکتے ہیں۔ تفریح کے شعبے میں بھی انٹرنیٹ نے انقلاب برپا کیا ہے 

لوگ فلمیں، ڈرامے، ویڈیوز میوزک اور آن لائن گیمز کے ذریعے تفریح حاصل کرتے ہیں۔ صحت کے شعبے میں آن لائن مشورے ریموٹ سرجری، میڈیکل رپورٹس کا تبادلہ اور دیگر سہولیات دستیاب ہیں جس سے صحت کی خدمات پہلے سے زیادہ بہتر ہو گئی ہیں۔ حکومتی خدمات جیسے شناختی کارڈ پاسپورٹ، بل کی ادائیگی ٹیکس فائلنگ اور شکایات بھی آن لائن آسان ہو گئی ہیں۔ آن لائن بینکنگ کے ذریعے رقم منتقل کرنا بل ادا کرنا اور اکاؤنٹ چیک کرنا ممکن ہوا ہے جس سے وقت اور محنت کی بچت ہوئی ہے. اگرچہ انٹرنیٹ کے بے شمار فوائد ہیں، مگر اس کے کچھ نقصانات بھی موجود ہیں. سب سے بڑا نقصان وقت کا ضیاع ہے کیونکہ لوگ سوشل میڈیا، ویڈیوز اور آن لائن گیمز میں گھنٹوں گزار دیتے ہیں، جس سے پڑھائی کام اور صحت متاثر ہوتی ہے۔ انٹرنیٹ پر موجود معلومات ہمیشہ درست نہیں ہوتیں اور فیک نیوز یا جعلی مواد لوگوں کو گمراہ کر سکتا ہے۔ پرائیویسی کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے کیونکہ ہیکنگ، شناخت چوری اور نجی معلومات کے غلط استعمال کے امکانات موجود ہیں۔ بچوں کے لیے غیر مناسب مواد تک رسائی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے، جس میں فحش مواد تشدد اورغلط سوچ پھیلانے والےمواد شامل ہیں. زیادہ انٹرنیٹ استعمال کرنے سے ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جیسے ڈپریشن تنہائی بے چینی اور نیند کی کمی۔ سائبر کرائم، آن لائن فراڈ اور جعلی ویب سائٹس بھی معاشرے کے لیے خطرہ ہیں۔ مزید برآں زیادہ وقت اسکرین کے سامنے بیٹھنے سے نظر گردن اور کمر میں درد. موٹاپا اور جسمانی تھکاوٹ پیدا ہوتی ہے.جبکہ سماجی تعلقات بھی کمزور ہو سکتے ہیں کیونکہ لوگ حقیقت میں بات کرنے کے بجائے آن لائن رابطوں میں مشغول رہتے ہیں۔انٹرنیٹ کا مثبت استعمال کرنا بہت ضروری ہے۔ صارفین کو روزانہ کے لیے انٹرنیٹ کا وقت محدود کرنا چاہیے اور صرف ضروری اور معلوماتی ویب سائٹس استعمال کرنی چاہئیں۔ والدین کو بچوں کے لیے کنٹرول لگانا چاہیے تاکہ وہ محفوظ مواد تک رسائی حاصل کریں۔ پرائیویسی سیٹنگز مضبوط رکھیں اور قابلِ بھروسہ ویب سائٹس اور خبروں کا انتخاب کریں. جسمانی سرگرمیوں، ورزش اور حقیقی دنیا کے تعلقات کو بھی وقت دینا ضروری ہے تاکہ جسمانی اور ذہنی صحت برقرار رہے. انٹرنیٹ ایک ایسا ذریعہ ہے جس نے دنیا کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ اگر اس کا استعمال ذمہ داری اور اعتدال کے ساتھ کیا جائے تو یہ علم ترقی، کاروبار اور رابطے کا بہترین ذریعہ ہے. تاہم غلط استعمال یا حد سے زیادہ استعمال فرد اور معاشرے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم انٹرنیٹ کے فوائد حاصل کریں اور اس کے نقصانات سے بچاؤ کے لیے محتاط رہیں، تاکہ یہ جدید دنیا میں ایک مثبت اور کارآمد ذریعہ بنے 
 
  
 


Comments

Popular posts from this blog

Terms & Conditions

About Us